ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال میونسپل کونسل میں کانگریس اور ایس ڈی پی آئی اتحاد کامیاب؛ بی جے پی کو ہوئی شکست

بنٹوال میونسپل کونسل میں کانگریس اور ایس ڈی پی آئی اتحاد کامیاب؛ بی جے پی کو ہوئی شکست

Thu, 22 Aug 2024 23:08:45    S.O. News Service

مینگلور، 22 اگست (ایس او نیوز) ضلع جنوبی کینرا کے بنٹوال میونسپل کونسل کے آج جمعرات کو منعقدہ دوسری میعاد کے صدارتی انتخابات میں ایس ڈی پی آئی کی حمایت سے کانگریس پارٹی کے واسو پجاری کو صدر، اور کانگریس کی حمایت سے ایس ڈی پی آئی کے مونیش علی کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔ اس سے قبل پہلی میعاد میں بھی ایس ڈی پی آئی کی حمایت سے کانگریس ہی یہاں اقتدار میں تھی۔

ذرائع کے مطابق 27 رکنی بنٹوال میونسپلٹی میں کانگریس کے حمایتی کونسلرز کی تعداد 12 تھی، لیکن بعد میں کانگریس کے حمایتی گنگادھر پجاری نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں کانگریس کے حمایتی اراکین کی تعداد 11 رہ گئی۔ یہاں بی جے پی کے حمایتی کونسلرز بھی 11 ہیں، جبکہ مقامی ایم ایل اے اور ایم پی کے ووٹ ملا کر ان کی مجموعی حمایت 13 ووٹوں کی ہوتی ہے۔ دیگر چار کونسلرز ایس ڈی پی آئی کے حمایتی ہیں، اس لیے ایس ڈی پی آئی کو کنگ میکر کہا جا سکتا ہے۔

صدر کے انتخاب کے لیے بی جے پی کے حمایتی اے گووند پربھو، کانگریس کے حمایتی واسو پجاری لوریٹو، اور ایس ڈی پی آئی کے حمایتی محمد ادریس پی جے نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے، تاہم آخری لمحات میں ادریس پی جے نے اپنی نامزدگی واپس لے لی۔ ووٹنگ کے دوران ایس ڈی پی آئی کے حمایتی کونسلرز نے واسو پجاری لوریٹو کی حمایت کی، جس کے نتیجے میں واسو پجاری نے 15 ووٹ حاصل کر کے گوند پربھو کو دو ووٹوں سے شکست دی۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے بی جے پی کے حمایتی ہری پرساد اور ایس ڈی پی آئی کے حمایتی مونیش علی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اور یہاں کانگریس کے حمایتی 11 کونسلرز نے مونیش علی کو اپنا ووٹ دے کر کامیاب بنایا۔ اس طرح بنٹوال میونسپل کونسل میں کانگریس اور ایس ڈی پی آئی اتحاد کامیاب رہا اور بی جے پی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔


Share: